خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے: علی امین گنڈاپور

Published On 10 June,2025 11:56 am

پشاور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے۔

اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی ہے، خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ دیں گے، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، خیبرپختونخوا نے اب تک کوئی نیا قرضہ نہیں لیا، قرض ادائیگی کیلئے ڈیڑھ سو ارب مختص کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں میگا پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں، ڈیرہ موٹروے پر کام جاری ہے۔

علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے بلا سود قرضوں میں مزید اضافہ کریں گے، صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی لگا رہے ہیں اور تعلیمی معیار کو اوپر لے جانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کا صوبائی بجٹ 13 جون کو کابینہ سے منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا۔

محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال 26-2025 کا بجٹ 200 ارب روپے سرپلس ہوگا، صوبے کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد اضافہ، 500 کے قریب نئے ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے۔