لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال 13 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، گجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال سمیت پنجاب کے کئی اضلاع شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔
جنوبی پنجاب میں ہیٹ ویو کی شدت میں اضافہ
پی ڈی ایم اے کے مطابق جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مختلف شہروں میں درجہ حرارت کی تفصیل
لاہور، فیصل آباد، گجرات، خان پور، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یار خان، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان اور نور پور تھل میں گزشتہ روز درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے اسی طرح بھکر، بہاولنگر، گجرانوالہ، کوٹ ادو، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کریں اور ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔