لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے کیسز میں بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے پولیس کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے دو چانس دیئے جو ملزم کی ضد کی وجہ سے اس نے ضائع کر دیئے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنایا، عدالت نے 9 مئی کے کیسز میں بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے پولیس کی درخواست مسترد کر دی۔
درخواست گزار تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف جناح ہاؤس حملہ سمیت بارہ مقدمات درج ہیں، ہمیں تفتیش کے لیے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پولی اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ سے تفتیش مکمل ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دیئے۔
عدالت نے قرار دیا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے دو بار پولیس کو ٹیسٹ کرانے کی مہلت دی، بانی پی ٹی آئی کو اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے دو چانس دیئے جو ملزم کی ضد کی وجہ سے اس نے ضائع کر دیئے۔
ملزم کے دو بار انکار کے بعد تیسرا موقعہ دیا جانا محض وقت کا ضیاع ہوگا، پولیس ملزم کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ نہیں کرا سکی۔
عدالت نے کہا کہ ٹیسٹ کرانے کیلئے مزید موقع کی ضرورت نہیں ہے، یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے پاکستان میں کہ ملزم اپنی بے گناہی ثابت کرنے سے انکاری ہے۔
ملزم پولیس کی حراست میں نہیں ہے جیل میں ہے، ملزم انکار کرتا ہے تو پولیس کچھ نہیں کر سکت،ی عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست خارج کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت کر دی۔