ایران اسرائیل کشیدگی بارے پاکستان سے جعلی خبریں منسوب کی جارہی ہیں: اسحاق ڈار

Published On 16 June,2025 05:35 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنگ مذاق نہیں، ایران اسرائیل کشیدگی بارے پاکستان سے جعلی خبریں منسوب کی جارہی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران نے پہلے حملے کے بعد کہا کہ اسرائیل اگر دوبارہ حملہ نہیں کرتا تو ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، ہم نے ایران کی بات آگے ممالک سے کی، اب بھی وقت ہے اسرائیل کو روکا جائے تو ایران مذاکرات پر تیار ہے، ہم نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات میں سہولت کاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے متعلق نیتن یاہو کا پرانا بیان چلایا جارہا ہے اور وزیر دفاع خواجہ آصف کا فیک کلپ بھی چلایا گیا، نیتن یاہو کا بیان 2011 کا بھی ہے تو ہمیں اسے نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کرنا جرم ہے، پاکستان کا جوہری اور میزائل پروگرام ملک کی اپنی سرحدوں کے دفاع اور خطے میں استحکام کے لیے ہے۔

اسحاق ڈار نے واضح کردیا کہ پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، فیک نیوز سے متعلق ہمیں چیزوں کو کلیئر کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، بہت گمراہ کن اور غلط خبریں پھیل رہی ہیں، وزارت خارجہ سے متعلق فیک نیوز اور اے آئی جنریٹڈ تصویر بنائی گئی، دفتر خارجہ نے ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا  تھا  کہ اسرائیل کی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں، پاکستان کی مسلح افواج الرٹ ہیں۔