صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، سیاسی و معاشی امور پر تبادلہ خیال

Published On 17 June,2025 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے ملاقات کے دوران وزیراعطم شہباز شریف سے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم نے صدرمملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار، پینشنرز، مزدور اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزورطبقات کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کی اسکیموں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم اور صدر مملکت کے درمیان ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات، احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔