وزیراعظم کا قطر، سعودیہ کے سفیروں سے رابطہ، ایرانی میزائل حملے پر تشویش کا اظہار

Published On 24 June,2025 12:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قطر اور سعودی عرب کے سفیروں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے پر اظہار تشویش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں قطری سفیر علی مبارک الخاطر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے قطر کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا، قطری سفیر نے فوری رابطے اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو تیز کرے گا۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے بروقت رابطے اور تشویش کے اظہارپر وزیراعظم شہبازشریف سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مل کر خطے میں امن کے لئے کام جاری رکھنا چاہئے۔

خیال رہے کہ ایران نے امریکی حملے کا جواب دیتے ہوئے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا، ایران کے سرکاری ٹی وی نے تصدیق کی کہ ایرانی میزائلوں نے قطر کے العدید فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔