بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کرنے کا خواب دیکھا، ہم نے غاصبوں کو مٹی میں دفن کر دیا: بیرسٹر سیف

Published On 05 August,2025 10:30 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کرنے کا خواب دیکھا، ہم نے غاصبوں کو مٹی میں دفن کر دیا۔

یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر پشاور میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ آج ہم ایک عظیم مقصد اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

ریلی سے خطاب میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت نے آئینی ترامیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی جو بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ سوچا تھا کہ وہ آسانی سے کشمیر کو ہڑپ کر لے گا اور چند دنوں کے احتجاج کے بعد دنیا سب کچھ بھلا دے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا، کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے پرعزم ہیں۔

بیرسٹر سیف نے سخت الفاظ میں کہا کہ مودی یاد رکھے کہ ہم نے ماضی میں بھی غاصبوں کو مٹی میں دفن کیا ہے، بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا اور ہمیں دبانے کی کوشش کی مگر ہم نے ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ آج بھی دنیا کے سامنے منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے افراد، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارت کے اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔