اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس، ن لیگ، پپیلز پارٹی کا اعلامیے پر دستخط سے انکار

Published On 17 August,2025 10:01 pm

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور پی پی کے نیئر بخاری نے اے پی سی اعلامیے پر دستخط نہیں کیے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے نہیں آپ کے مطالبات اور آپ کا مؤقف ہے، جب اعلامیہ پڑھا جا رہا تھا تو تینوں رہنما اجلاس سے اٹھ کر چلےگئے۔

اعلامیہ میں دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی کی ہر شکل کی شدید مذمت کی گئی، دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق غیرقانونی مسلح جتھوں کا فوری خاتمہ، عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، 18 ویں آئینی ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

اعلامیہ کے مطابق این ایف سی ایوارڈ پر آئین کے مطابق مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، لاپتہ افراد کا بازیاب کرکے عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا اور سیاسی سرگرمیوں کیلئے آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے، میڈیا پر پابندیاں ختم اور پیکا جیسے قوانین مسترد کئے جائیں۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو غیر ملکی جنگوں میں ملوث کرنے سے گریز کیا جائے، خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا نیشنل ڈائیلاگ کی تجویزسے اتفاق

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اے این پی کی اے پی سی میں نیشنل ڈائیلاگ کی تجویزسے اتفاق کیا، سینیٹر عرفان صدیقی نے پی پی پی کی کمیٹی بنانے کی تجویز کی حمایت کر دی۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اے پی سی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی تشکیل دیں، میں خود وزیراعظم شہباز شریف کے پاس یہ تجویز لے کر جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے سر کا تاج ہیں، پنجاب کو گالی دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، شکایتوں، گلوں اور شکووں کو چھوڑ کر پاکستان کو پاکستان کے نکتہ نظر سے دیکھیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ آئین ہم سب کا ہے، اس پر کسی کو کلہاڑا نہیں چلانے دیں گے، مارشل لاء لگا ہوتا تو اسلام آباد میں’ اے پی سی‘ میں یہ باتیں یوں کرنے کی آزادی نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ فوج وفاق پاکستان اور اس کی ہر اکائی کی محافظ ہے جس نے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی ہے، اس کا جشن بھی منانا پاکستانیت ہے۔