سیلاب متاثرہ علاقوں میں کام جاری، 13 لاکھ صارفین کی بجلی بحال

Published On 05 September,2025 10:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں متاثرہ 16 لاکھ 32 ہزار 923 صارفین میں سے 13 لاکھ 1 ہزار 283 صارفین کے لیے بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ 3 لاکھ 31 ہزار 640 صارفین کے لیے بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

پیسکو کے زیرِ انتظام سوات، بونیر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان کے 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے تھے جن میں سے 86 فیڈرز مکمل اور 5 جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے، پیسکو کے 4 لاکھ 63 ہزار 375 متاثرہ صارفین میں سے 4 لاکھ 61 ہزار 49 صارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے بقیہ صارفین کو 11 سے 12 ستمبر تک بجلی بحال کر دی جائے گی۔

گیپکو کے 11 گرڈ اور 103 متاثرہ فیڈرز میں سے 86 مکمل اور 17 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں، 7 لاکھ 35 ہزار 987 متاثرہ صارفین میں سے 6 لاکھ 68 ہزار 871 کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے، باقی 67 ہزار صارفین کو پانی اترنے کے بعد بجلی فراہم کر دی جائے گی۔

لیسکو کے لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 55 مکمل اور 12 جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے، 73 ہزار 734 متاثرہ صارفین میں سے 60 ہزار 661 کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے، بقیہ 13 ہزار صارفین کو 7 سے 8 ستمبر تک بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہونے کی توقع ہے۔

فیسکو کے زیرِ انتظام ٹی ٹی سنگھ، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان کے 26 گرڈ اور 78 فیڈرز متاثر ہوئے تھے، ان میں سے 12 مکمل اور 62 عارضی طور پر بحال کیے گئے ہیں، ایک لاکھ 98 ہزار 616 متاثرہ صارفین میں سے 71 ہزار 748 کو بجلی فراہم کی جا چکی ہے جبکہ باقی صارفین کی 6 سے 7 ستمبر تک بجلی بحال کر دی جائے گی۔

میپکو کے 147 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں جس سے ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد صارفین متاثر ہوئے، پانی اترنے کے بعد ان فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ٹیسکو کے زیرِ انتظام شمالی وزیرستان اور خیبر کے 17 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 2 مکمل اور 11 عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں، 31 ہزار 574 متاثرہ صارفین میں سے 7 ہزار 979 کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ باقی صارفین کے لیے بحالی کا عمل 15 ستمبر شام 5 بجے تک مکمل ہو جائے گا۔

ہیزیکو کے زیرِ انتظام مانسہرہ کے 3 متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔

پاور ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر 49 گرڈ اور 506 متاثرہ فیڈرز میں سے 244 مکمل اور 254 عارضی طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں، بجلی کی بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور باقی 3 لاکھ 31 ہزار صارفین کے لیے بجلی کی بحالی کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔