معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کی پاکستان کیخلاف ایک اور مذموم سازش ناکام

Published On 27 October,2025 10:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معرکۂ حق میں شرمناک شکست کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف نئی مذموم سازش بھی ناکام بنا دی گئی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے ایک مرتبہ پھر جھوٹ، پروپیگنڈا اور جعلی بیانیے کا سہارا لیتے ہوئے پاکستان کے خلاف مہم شروع کی جسے وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے ان تمام گمراہ کن دعوؤں کو ٹھوس شواہد کے ساتھ رد کرتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈا مشینری کا چہرہ بے نقاب کر دیا۔

بھارتی اخبارات، اکنامک ٹائمز، ٹائمز آف انڈیا، لوکمت ٹائمز اور دیگر گودی میڈیا اداروں نے سابق سی آئی اے افسر جان کیریاکو کے غیر مصدقہ اور ذاتی بیانات کو بنیاد بنا کر پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ روایتی جنگ میں پاکستان بھارت کا سامنا نہیں کر سکے گا اور پاکستان کے ایٹمی ہتھیار ماضی میں امریکی پینٹاگون کے کنٹرول میں تھے تاہم یہ تمام دعوے مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیئے گئے۔

وزارت اطلاعات کے مصدقہ ذرائع کے مطابق سی آئی اے کے سابق افسر کے بیان کا کوئی سرکاری ریکارڈ یا ثبوت موجود نہیں، یہ بیانات ڈی کلاسیفائیڈ انٹیلی جنس نہیں بلکہ بالی ووڈ طرز کی تخیلاتی کہانیاں ہیں۔

عالمی سطح پر حالیہ ایونٹس میں آپریشن سندور کے دوران پاکستان کی دفاعی برتری اور بھارت کی ناکامی کا اعتراف سامنے آیا جس کے بعد بھارتی میڈیا شرمندگی مٹانے کے لیے جھوٹ پر اتر آیا، سابق سی آئی اے افسر جان کیریاکو ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی غیر سنجیدہ اور متنازع بیانات دینے کے لیے بدنام ہیں۔

پاکستان کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) ہمیشہ سے ملک کے ایٹمی اثاثوں پر مکمل، محفوظ اور مؤثر کنٹرول رکھتی ہے اور یہ حقیقت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے پھیلایا گیا پروپیگنڈا خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے جسے پاکستان کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گا۔