لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے روکنا افسوسناک ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا ہے کہ کل دوبارہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، سہیل آفریدی چوتھی مرتبہ جیل کے باہر آئے مگر ملاقات کی اجازت نہ دی گئی جو کہ ان کی تضحیک کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت نابالغ ثابت ہو رہی ہے جبکہ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پارٹی چند ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جیسے بندر کے ہاتھ ماچس آ جائے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو کوٹ لکھپت جیل میں شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کرنی چاہیے تاکہ وہ انہیں مثبت مشورے دے سکیں، سہیل آفریدی کو ایسے لوگوں سے بات کرنی چاہیے جو ٹمپریچر کم کرنے میں مدد دے سکیں۔
ٹی ایل پی پر پابندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ یہ ایک پرتشدد گروہ ہے اور اس پر پابندی لگانا درست فیصلہ ہے۔

 
			 
			 
			 
			 
			 
			 
			 
			 
  
 
          
		   
         
		   
         
		   
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
  
 
