صدر اور وزیراعظم کی بابا گرو نانک کے 556ویں جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد

Published On 05 November,2025 11:15 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بابا گرو نانک کے 556ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سِکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بابا گُرو نانک دیو جی امن، رواداری اور مساوات کے علمبردار تھے، اور اُن کی تعلیمات میں محبت، خدمتِ انسانیت اور ہم آہنگی کا عظیم درس شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابا گُرو نانک کا پیغام ہمدردی اور اتحاد کا مظہر ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کارتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دنیا بھر سے آئے سِکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور گُردوارہ دربار صاحب تک ویزا فری رسائی کو پاکستان کے بین المذاہب احترام کا ثبوت قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں بسنے والے سکھوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گرو نانک کے امن، رواداری اور ہم آہنگی کے پیغامات سے سبق حاصل کرتے ہوئے دنیا کو اتحاد ویگانگت، باہمی احترام اور امن کا گہوارہ بنانے کی ضرورت ہے۔

بابا گرو نانک کے یوم ولادت پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام مذہبی مقامات کی حفاظت اور زائرین کی رسائی کیلئے ہر طرح کی سہولیات کو یقینی بنا رہی ہے، بابا جی کا شمار نہ صرف سکھوں کے اکابرین میں ہوتا ہے بلکہ وہ ایک ایسے انسان تھے جنہوں نے ساری انسانیت کے لئے امن، برابری اور تحمل و برداشت کو فروغ دینےکا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کی دائمی تعلیمات بشمول انسانیت سے محبت، بے لوث خدمت، بین المذاہب ہم آہنگی نسلوں کو رہنمائی فراہم کر رہی ہے اور ان کا اتحاد و یگانگت اور رواداری کا پیغام ایک پرامن اور انصاف پسند دنیا کو قائم کرنے کے لیے مشعل راہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ باعث اعزاز ہے کہ پاکستان بابا گرو نانک دیو جی کی زندگی اور تعلیمات سے متعلقہ متعدد گوردواروں بالخصوص گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی حفاظت کر رہا ہے، حکومت پاکستان تمام مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کا غیر متزلزل عزم رکھتی ہے، اسی عزم کے مطابق حکومت ان تمام مذہبی مقامات کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے اور زائرین کو ہر طرح کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس پر مسرت دن کی مناسبت سے بابا گرو نانک کے امن و رواداری اور باہمی ہم آہنگی کے پیغامات سے سبق حاصل کرتے ہوئے دنیا کو اتحاد ویگانگت، باہمی عزت اور امن کا گہوارہ بنانے کی دعوت دی۔