اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک میں ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی، دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے افسروں کے لئے ٹریننگ پروگرامز کے آغاز کے حوالے سے بھی بات چیت کی، نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی اور ایف ائی اے کے ساتھ آسٹریلوی اداروں کا اشتراک کار بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لئے سکیورٹی انتظامات کے بارے بتایا اور آسٹریلوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔



