وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کرافٹ فیسٹیول کا افتتاح کر دیا

Published On 28 November,2025 07:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کرافٹ فیسٹیول کا افتتاح کر دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کرافٹ فیسٹیول ہماری قدیم ثقافت کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے، ہماری ثقافت ہماری شناخت ہے، اسے محفوظ اور فروغ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے کے کاریگروں اور فنکاروں کیلئے یہ بہترین پلیٹ فارم ہے، ہماری روایت، ہمارا فخر ہیں، سندھ کے کاریگر ہم سب کی شان ہیں، سندھ کی روایتی دستکاری اور فنون دنیا کے ہر گوشے تک پہنچیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ثقافتی تقریبات اور فیسٹیول میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی، ایسے فیسٹیول نہ صرف فنون بلکہ ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام بھی ہے، تین دن کا فیسٹیول ہے، اس میں نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب کے پی اور بلوچستان کے کرافٹ مین بھی آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک ایک سٹال وزٹ کیا، دیکھ کر خوشی ہوئی کہ دیہی علاقوں کی ہنرمند خواتین کا کام بھی پیش کیا گیا، فیسٹیول کے انعقاد پر وزارت ثقافت کو مبارکباد دیتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جن خواتین کو اپنا کاروبار کرنا ہے ان کی معاونت کی جائے گی، ہماری خواتین کے کڑھائی کام اور دیگر ہنر آپ دیکھ سکتے ہیں، آئندہ تین روز تک میوزیکل اور ڈانس پرفارمنس ہوتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کی تبدیلی میں سندھ کے وزیر اعلیٰ یا کسی اور کا کوئی کردار نہیں ہے، گورنر لگانے کے لیے ہم سے پوچھا نہیں جاتا ہے۔