اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظردفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج یا جلسے جلوس کی ہرگز اجازت نہیں، کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے انعقاد پر قانون فی الفور حرکت میں آئے گا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پنڈی حسن وقارچیمہ نے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 3 دسمبرتک ہوگا اورراولپنڈی میں ہرقسم کے اجتماع،ریلی،جلسے جلوس پرپابندی عائد رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کوہائی الرٹ کردیا گیا اورپولیس سمیت تمام ادارے باہمی تعاون سے امن وامان یقینی بنائیں گے، دفعہ 144 کیخلاف ورزی پرقانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کریں گے پھراڈیالہ جیل بھی جائیں گے۔



