ہم جس طرف بھی ہوں بانی کیلئے ہی سب کر رہے ہیں: بیرسٹر گوہر

Published On 02 December,2025 06:02 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہم جس طرف بھی ہوں بانی کے لیے ہی سب کر رہے ہیں۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی طور پر ہونا چاہیے، بانی کی ایک بہن کو اجازت مل گئی بہت اچھی بات ہے۔

بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سابق وزیر اعظم ہیں ان کا حق ہے ملاقات ہو، اچھی بات ہے بچوں سے بات ہوجائے بانی کی، حالات کو اب بہتری کی طرف جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہر وقت ڈنڈا اٹھا کر مسائل حل نہیں ہو سکتے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ دھرنے کے دوران میرے خلاف نعرے بازی نہیں ہوئی۔

بیرسٹر گوہر نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر راج کی خبروں کو محض باتیں قرار دے دیا اور کہا کہ گورنر راج کے حوالے سے صرف چہ میگوئیاں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گورنر راج کا صوبہ متحمل نہیں ہو سکتا، گورنر راج نہیں لگے گا اور صوبہ آئین اور قانون کے مطابق چلے گا۔