پاکستان نے سمندری کارگو کے ذریعے 200 ٹن انسانی امدادی سامان سری لنکا روانہ کر دیا

Published On 02 December,2025 07:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان نے سمندری کارگو کے ذریعے 200 ٹن انسانی امدادی سامان سری لنکا روانہ کیا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ امدادی سامان سے تباہ کن سمندری طوفان ڈِٹواہ (Ditwah) کے بعد سری لنکا میں امدادی سرگرمیوں میں مدد ملے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں امدادی سامان کے روانگی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سری لنکا کے ہائی کمشنر سری لنکا برائے پاکستان ایڈمرل رویندرا سی. وجے گنارتنے نے شرکت کی۔

وزارتِ خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی تقریب میں موجود تھے، طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان سری لنکن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔