پی آئی اے کا 135 ارب میں بکنا ملکی معیشت پہ بڑھتا ہوا اعتماد ہے، خواجہ آصف

Published On 24 December,2025 04:55 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا 135 ارب میں بکنا ملکی معیشت پہ بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت سرکاری تحویل میں کاروباری اداروں کی نجکاری سے نہ صرف ہزاروں کھربوں کے نقصان سے نجات حاصل کرے گی بلکہ معیشت کی بحالی کا عمل بھی تیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن کو مبارک ہو، آج کی ٹرانزیکشن آنے والے وقت میں مزید کامیابیوں کی نوید ہے، ان شاء اللہ سول ایوی ایشن کی محنت سے یورپ اور برطانیہ کی طرف سے پابندیوں کا خاتمہ آج اس کامیاب ٹرانزیکشن کی بڑی وجہ بنا۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں 10 ارب کی بولی سے آج 135 ارب کی قیمت ہماری سول ایوی ایشن ریگولیٹر پر اعتماد کا ثبوت ہے، پی ٹی آئی حکومت نے پی آئی اے سے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، آج 3 سال کی محنت سے پی ٹی آئی حکومت کے چھوڑے کھنڈروں پر نئی عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔