کراچی :(دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کی۔
آئی بی اے کراچی کےز یراہتمام مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اے آئی نے انقلاب برپا کر دیا ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں اے آئی نے انقلاب برپا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کے بیانیے کا ڈٹ کر مقابلہ، پیغام امن ہر گھر تک پہنچایا جائے گا: عطا تارڑ
اُنہوں نے کہا کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ پر قابو پانا بڑا چیلنج ہے، ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہنا تھا کہ غلط معلومات کی روک تھام کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، غلط معلومات پوری دنیا کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی آج افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کر رہے تھے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور شرمناک ہے، پوری دنیا نے افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ثبوت دیکھے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سر زمین کے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے کے نا قابل تردید شواہد بھی موجود ہیں، سہیل آفریدی نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی،پاکستانی قوم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار والے جب بھی منہ کھولتے ہیں، دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں، پاکستان کی ترقی فتنہ الخوارج کو قابل قبول نہیں، اسی لیے پاکستان کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سہیل آفریدی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔



