اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

Published On 12 January,2026 07:30 pm

لاہور: (محمد اشفاق) اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، مفاد عامہ کے تحت دائر اس آئینی درخواست کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ کل 13 جنوری کو چودھری پرویز الٰہی ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست پر ابتدائی سماعت کریں گے، درخواست گزار کی طرف سے سینئر قانون دان میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہونگے۔

اس آئینی درخواست میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پنجاب پولیس، وزارت داخلہ، پنجاب بار کونسل اور پاکستان بار کونسل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی خواتین ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم چلائی جا رہی ہے، ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر یہ مہم کئی ہفتوں سے جاری ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کیخلاف مہم میں حکومت کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملوث ہیں، ججز کیخلاف جعلی ریفرنسز کی بنیاد پر دوبارہ سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی مجرمانہ طور پر خاموش ہے، ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر حکومت کی خاموشی نے بھی سوالات کھڑے کئے ہیں۔

عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر موجود توہین آمیز مواد کی مسلسل مانٹیرنگ اور اسے فوری ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں ملوث اکاؤنٹس کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے۔