خلاصہ
- ماسکو: (شاہد گھمن) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کریملن پیلس میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، تقریب کے دوران پاکستانی سفیر نے صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات صدر پوتن تک پہنچائے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے پاکستان کو روس کا قریبی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں نمایاں وسعت آ رہی ہے، خصوصاً تجارت، سفارت کاری، تعلیم، زراعت، فارماسیوٹیکل، ریلوے، صنعت، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔
.jpg)
فیصل نیاز ترمذی نے 26 اکتوبر 2025 کو بطور سفیر باضابطہ طور پر ماسکو میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
ان کے دورِ سفارت کی ترجیحات میں توانائی، تجارت، علاقائی روابط، ثقافت، تعلیم اور عوامی روابط (people-to-people contact) کو فروغ دینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ روس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح اور معاونت کو بھی خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی ایک سینئر اور تجربہ کار سفارت کار ہیں، انہوں نے 1995 میں فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور وزارتِ خارجہ کے علاوہ بیرونِ ملک پاکستانی مشنز میں اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
وہ ترکمانستان، امریکا، اقوامِ متحدہ اور متحدہ عرب امارات میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں، اس سے قبل وہ کرغز جمہوریہ (2018–2019) اور متحدہ عرب امارات (2022–2025) میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
.jpg)
ان کی سفارتی خدمات کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے انہیں فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید دوم سے نوازا جبکہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO-RATS) ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔
تقریب کو پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے آئندہ دنوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔