بنگلادیش ایئرلائنز کی پرواز 14 سال بعد کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی

بنگلادیش ایئرلائنز کی پرواز 14 سال بعد کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی

بیمان بنگلادیش ایئرلائنز کی پہلی پرواز ڈھاکہ سے 150 مسافر لیکر کراچی جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی، رن وے پر طیارے کا روایتی اور تاریخی استقبال کیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں گورنر سندھ خود موجود تھے۔

گورنر سندھ نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش آپس میں برادر ملک ہیں مگر درمیان میں بھارت اور بالخصوص مودی نے اپنے مذموم عزائم استعمال کیے جن میں اب وہ ناکام ہوگیا ہے۔

قبل ازیں ڈھاکا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تقریب میں فلائٹ کی باضابطہ روانگی کا افتتاح کیا گیا اور اس کے ذریعے مستقبل میں پروازوں کی تعدد بڑھانے اور کرایوں میں کمی کی منصوبہ بندی کا اعلان بھی کیا گیا۔

تقریب میں ایڈوائزر برائے سول ایوی ایشن و ٹورزم بشیرالدین اور پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور بمان ایئرلائن کے سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔

ہائی کمشنر عمران حیدر نے کہا کہ براہِ راست پروازیں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہیں اور اس کے ذریعے نوجوان، تعلیمی، کاروباری اور خاندانی تبادلے میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر مسافروں نے بھی اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔