خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) بھاٹی چوک مین ہول میں ماں بچی گرنے کے معاملہ پرحکومت اور میڈیا کو غلط معلومات فراہم کرنے والے کونسے افسران ہیں؟ نام سامنے آگئے۔
ایم ڈی واسا غفران احمد اور ڈسٹرکٹ آفیسرریسکیو 1122شاہد وحید نے غلط معلومات فراہم کیں، ماں بچی کو نکالنا ریسکیو 1122 جب کہ ذمہ داری واسا حکام کی بھی تھی۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے بتایا تھا کہ واٹر لیول ایک فٹ ہے، اتنے پانی میں ڈوبنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا، ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا لائن سے ٹائر بھی گزارا گیا مگر کچھ نہ ملا۔
اُن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایسی کوئی صورتِ حال نظر نہیں آئی کہ درمیان میں کوئی بھی رکاوٹ ہو، واٹر لیول ایک فٹ ہے، ایسا لگتا نہیں کہ یہاں پر کوئی گرا ہو، اِس بات کی سوچ موجود ہے کہ شاید یہ فیک کال ہے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122کے اہلکار شاہد وحید نے بھی افسران کو آگاہ کیا،اُنہوں نے ویڈیو بنا کر بھیجی کہ یہاں پر کوئی گر نہیں سکتا، پانی بھی کم ہے، باڈی آگے جا ہی نہیں سکتی، ایسا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحقیق اور مکمل سرچنگ کئے بغیر ہمیں بتایا گیا کہ ایسا واقعہ ہی نہیں ہوا، جو خبر مجھے بھیجی گئی وہ میں نے آگے دے دی اور جو لوگ وہاں موجود تھے وہی اطلاع و معلومات اعلیٰ افسران اور ہمیں پہنچا رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ افسران خود میڈیا کو بتا رہے تھے اِس وقت یقین کرنے کے علاوہ اور کیا آپشن ہو سکتا ہے، آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ اتنی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔