خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
صوبائی دارالحکومت میں مصطفیٰ آفندی نامی بچے کے گلے پر پتنگ کی ڈور پھری، زخمی بچے کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور طبی امداد کے بعد اسے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ذمہ دار پتنگ بازوں کی نشاندہی کرنے کا حکم دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل طور پر ممنوع ہے اور صرف اجازت یافتہ دنوں میں ہی پتنگ بازی کی اجازت ہو گی۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی جان لیوا جرم ہے اور اس پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔