خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی، پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت رسپانس قابل ستائش ہے، ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ایکس پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے لکھا کہ گزشتہ 12 ماہ میں بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے 700 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے، صرف گزشتہ دو دن میں 70 کے قریب دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج علی الصبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے اپنے گرتے ہوئے مورال کو بچانے کے لئے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی جس کو بلوچستان کی بہادر پولیس اور ایف سی کے جانباز سپاہی مل کر ناکام بنا رہے ہیں اور اب تک درجنوں دہشت گرد ہلاک کر چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ حملے دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو ختم نہیں کر سکتے، ہم آخری دہشت گرد تک پیچھا جاری رکھیں گے۔