خلاصہ
- بلوچستان: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ہمارا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔
بارکھان میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی بنارہے ہیں جس کا نام ڈیرہ کھیتران ہوگا، کرپشن مافیا اورکرپٹ ٹھیکیداروں سے آپ کی جان چھڑائیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومیں کردار سے بنتی ہیں، وقت ہے قلم کو ہتھیار،علم کو طاقت اورمحنت کو پہچان بناؤ، ہم آپس میں بھائی ہیں، تھے اوررہیں گے، کوہ سلیمان کے پہاڑ گواہی دیں گے اس دور کے نوجوانوں نے مایوسی نہیں چنی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ رکھنی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا اعلان کررہا ہوں تاہم میونسپل کمیٹی کا نام ڈیرہ کھیتران ہوگا، تنقید کو ہمیشہ اپنے لیے مثبت سمجھتا ہوں، تنقید کے سلسلے کو جاری رکھیں لیکن سچ بولیے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے رکھنی پریس کلب بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنا سراونچا رکھو، جیسے کوہ سلیمان پہاڑ اونچا ہے، قبائل سے جومحبتیں سمیٹیں ان کا قرض دار ہوں، ہم نےڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیز بنائیں اوران کو فنڈز دیئے جبکہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا آئیڈیا تھا۔
سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی سربراہی میں پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کے دانت کٹھے کیے، ہماری ایک عظیم ریاست ہے، ریاست نے ہمیں ہر وہ چیز دی جس سے ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے، ہم نے لاحاصل جنگ کا حصہ نہیں بننا، ہماری بقا پاکستان کے ساتھ ہے، ہم پاکستان کیلئے مرمٹیں گے لیکن اس پروپیگنڈا کا حصہ نہیں بنیں گے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو وعدہ کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں، ہمیں کسی سے بھیک مانگنے یا سفارش کی ضرورت نہیں، آپ کا وزیراعلیٰ آپ کو رکنی میں 50 بیڈز کا ہسپتال بنا کردے گا، حکومت کمیشن مافیا سے عوام کی جان چھڑائے گی جبکہ رکنی بازار کو ماڈل بازار بنائیں گے تاہم ہم رکھنی میں بھی عالی شان سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔