خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقِ خودارادیت کا مقدمہ ہے۔
یومِ اظہارِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی سنگینیں کشمیریوں کے جسموں کو تو زخمی کر سکتی ہیں، مگر ان کے دلوں میں موجزن آزادی کی تڑپ کو کبھی قید نہیں کر سکتیں، جب تک کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق نہیں دیا جاتا، خطے میں پائیدار امن کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری ظلم و ستم نے پوری انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے، تاہم بھارتی ظلم و بربریت کی تمام تر انتہاؤں کے باوجود کشمیری عوام کے پائے استقلال میں آج بھی کوئی لغزش نہیں آئی۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے لیے ہر فورم پر سینہ سپر رہے گا، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ کلمۂ طیبہ اور جغرافیے کی ایسی مضبوط لکیر سے جڑا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے جس کا فوری نوٹس لیا جانا ناگزیر ہے۔