بھارت کشمیریوں کے حقوق نہیں بلکہ ان سے جینے کا حق چھین رہا ہے: گورنر سندھ

بھارت کشمیریوں کے حقوق نہیں بلکہ ان سے جینے کا حق چھین رہا ہے: گورنر سندھ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کے بعد کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اقوام متحدہ میں فیصلہ ہو چکا کشمیری عوام جو چاہتے ہیں ویسے ہی فیصلہ ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے تمام فیصلوں کو روندا، بھارت نے مظلوم کشمیریوں سے ان کے جینے کا حق بھی چھین لیا،پاکستان میں آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگ رہے ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا پاکستان مکمل نہیں ہوگا، 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو وہ جواب دیا جس کی تعریف دنیا کر رہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت کا منافقانہ بیانیہ ہے جو وہ کئی سالوں سے بیان کر رہا تھا، آج جب خطے میں بھارتی بالا دستی پاکستان نے ختم کی تو دہشت گردی پھیلانے لگا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دنیا کے سامنے بےنقاب ہو چکی ہے، مودی دنیا کے ساتھ ساتھ خود بھارت میں بھی بےنقاب ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں سے یکجہتی اور ان کیساتھ کھڑے ہونے کا دن ہے، ایک دن آئے گا جب سب دیکھیں گے کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ سچ ہوگا، کشمیر کی تحریک پاکستان کی تکمیل ہے، جب کشمیر آزاد ہو گا تب پاکستان مکمل ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج جو جوش ولولہ پاکستانی عوام اور افواج میں ہے وہ قابل دید ہے، بھارت کو کہتا ہوں ہمیں نہ چھیڑو ہمیں چھیڑو گے ہم چھوڑیں گے نہیں، ہم تمہاری اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، تمہاری نسلوں کو تباہ کر دیں گے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ بلوچستان اور مقبوضہ کشمیر میں جو تم کر رہے ہو وہ کسی صورت برادشت نہیں، مودی ایک انتہا پسند ہے جو مذہب کارڈ کھیل کر دہشت گردی کر رہا ہے۔