بھارت کے خلاف لندن میں کشمیریوں اور پاکستانیوں کا احتجاج، شدید نعرے بازی

Published On 05 August,2025 08:09 pm

لندن: (دنیا نیوز) بھارت کے خلاف لندن میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ سے بھارتی ہائی کمیشن تک مارچ کیا، بھارت مخالف نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہرین نے مودی حکومت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید مذمت کی، اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دیا جائے، بھارتی حکومت آرٹیکل 370 کی منسوخی فوری واپس لے، بھارت کا کشمیریوں پر غاصبانہ قبضہ مزید برداشت نہیں۔

خواتین، بچے اور بزرگ بڑی تعداد میں مظاہرے میں شریک ہوئے، مظاہرین کے ہاتھوں میں پاکستانی و کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مودی سرکار نے نہرو اور پٹیل کے وعدوں کو پامال کر دیا، 5 اگست کے اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔

مظاہرین نے کہا کہ برطانوی حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے، 72 سال سے کشمیری ظلم سہہ رہے ہیں، اس سلسلہ میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی، بھارت جمہوریت اور انسانی حقوق کا مذاق اُڑا رہا ہے۔