اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر کو اپنی ریاست بنانے کی کوشش قبول نہیں کریں گے، پاکستان مسئلہ کشمیر حل ہونے تک سفارتی امداد جاری رکھے گا، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
یوم استحصال کشمیر پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے تمام غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا چاہئے، جب تک بھارت اپنے اقدامات کو واپس نہیں لے گا تب تک امن اور سکون نہیں قائم ہوسکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرکے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت جلد سے جلد دینا چاہئے، ہم امن پسند ملک ہیں اورترقی کی جانب جانا چاہتے ہیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سےامن پسند مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے، پاکستان تنازعات اور تشدد کو ہوا نہیں دینا چاہتا، لیکن بہادر افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں کسی بھی جارحیت کا بھرپورجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیر خارجہ نے بھارت کے 5 اگست کو کیے گئے غیر قانونی اقدام پر کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کے زمین خریدنے کے لیے دروازے کھولے گئے، بھارت سرینگر میں دہلی سے حکومت چلانا چاہتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی اقدامات کے لیے کشمیری رہنماؤں کو جیل میں رکھا، بھارتی حکومت موجودہ حقائق سے کیسے نظریں چرا سکتی ہے، بھارت کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتا، کشمیری جبر کے ماحول میں ہیں، کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کی جارہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی اور کشمیریوں کے رشتے صدیوں پرانے ہیں، بھارت غیر قانونی فیصلہ لاگو نہیں کرسکتا، کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر و فلسطین کے لیے بار بار آواز اٹھائی، پلوامہ کی طرح پہلگام بھی بھارت کا پلان تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، پاکستان پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کرانے کو تیار ہے، پہلگام واقعہ دراصل بھارت کا فراڈ تھا، بھارت نے پہلگام پر جھوٹ بولا لیکن ان کی قسمت خراب تھی۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاضبانہ قبضہ زیادہ دیر نہیں رہ سکتا: عطاء تارڑ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاضبانہ قبضہ زیادہ دیر نہیں رہ سکتا، آج کا دن تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں گنا جائے گا، کشمیر کا مقدمہ پاکستان لڑتا رہا ہے اور لڑتا رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا، ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ایک دن کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملے گا، فیلڈ مارشل نے جس طرح سے معرکہ سر انجام دیا وہ دنیا میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو عسکری اور سفارتی سطح پر بھی منہ کی کھانا پڑی، معرکہ حق کی فتح سے کشمیری بہن بھائیوں کا بھی حوصلہ بلند ہوا ہے، بھارت نے میلی آنکھ سے دیکھا تو بھارتی جہاز ہی نہیں مودی کا غرور بھی گرا ہے۔
عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی قوم نے دشمن کا مقابلہ کیا جسے تاریخ میں لکھا جائے گا، افواجِ پاکستان نے جیسے بھارت کے خلاف مقابلہ کیا وہ کیس اسٹڈی بن گیا ہے، افواجِ پاکستان کا کردار مختلف ملٹری سکولوں میں پڑھایا جائے گا۔