پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کے حل تک خطہ امن و استحکام سے محروم رہے گا۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج سے ٹھیک 6 سال قبل 5 اگست 2019 کو مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے ظلم و جبر کے ایک نئے باب کا آغاز کیا، بھارت کا یہ اقدام نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے بلکہ یہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے ایک سنجیدہ لمحۂ فکریہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والا بھارت کئی دہائیوں سے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی میں ملوث ہے، کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ایک بنیادی انسانی حق ہے، جسے ریاستی جبر و تشدد کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا کہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر کئے جانے والے مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور اُنہیں ان کا جائز حق دلوانے میں فعال کردار ادا کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس خطے میں دیرپا امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہوا ہے اور جب تک کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس تنازع کا حل نہیں نکلتا خطہ امن و استحکام سے محروم رہے گا۔
علی امین گنڈاپور نے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان کشمیری بھائی بہنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو آزادی کی جدوجہد میں مصروف ہیں اور اُن شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔
آخر میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعادہ کیا کہ ہم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی جدوجہد میں ہر ممکن ساتھ دیں گے۔