خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتو ں کا تبادلہ ہوگیا، وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر ازبکستان نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔
پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔
دونوں ملکوں کے درمیان انٹر ریجنل فورم کے قیام کا معاہدہ کیا گیا، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سزا یافتہ افراد کے تبادلے کیلئے معاہدے ، آئی ٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
ادویہ سازی کے شعبے میں تعاون کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ روکنے کا معاہدہ کیا گیا۔
مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے حمایت پر ازبکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان اور ازبکستان کی دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، ازبکستان کے سینیئر وزرا اور پاکستانی وزرا شریک تھے۔ معاہدوں میں وزارت خارجہ کے درمیان تعاون، انٹر ریجنل فورم کے قیام، سزا یافتہ افراد کے تبادلے، آئی ٹی، ادویہ سازی، اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام جیسے شعبے شامل ہیں۔
اس موقع پر ازبکستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مزید برآں صدر شوکت مرزایوف کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جسے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اہم علامت قرار دیا گیا۔