خلاصہ
- پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی لنڈی کوتل میں رہائش گاہ پر جا کر لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔
اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے والد اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، وزیر داخلہ نے شہید کیپٹن عباس کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ ہی قوم کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے، آپ کے بلند عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
شہید کیپٹن عباس کے والد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دورے کے دوران قبائلی عمائدین و مشران سے بھی ملاقات کی، قبائلی عمائدین اور مشران نے مسلح افواج کا ہر قیمت پر ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔
قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور وطن کی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔