خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب 17 فروری کو ہوگی جس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک دورے کے باعث حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کی حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کریں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نو منتخب وزیرِاعظم بنگلہ دیش کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہو گئے، وزیرِاعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بنگلہ دیش میں اعلیٰ سطح کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کر کے سیاسی، معاشی اور اقتصادی شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گے، پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور مستقبل میں سیاسی و اقتصادی پیش رفت کے روشن امکانات کے لیے پُرامید ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد بنگلہ دیش کا دورہ کر کے نئے وزیراعظم طارق رحمان کو مبارکباد دیں گے۔
ادھر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم اور کابینہ کی حلف برداری تقریب میں پاکستان کی شرکت بنگلہ دیش کے جمہوری عمل کی حمایت کی عکاس ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے، پاکستان کی شرکت باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ہے۔
بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم اور ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری میں شرکت کے لیے چین، سعودی عرب، بھارت، ترکیے، یو اے ای، قطر، ملائیشیا، برونائی، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن بنگلادیش کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں لےکر واضح برتری حاصل کر لی ہے جبکہ جماعت اسلامی 68 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
طلبہ کی جماعت این سی پی نے 6 نشستیں حاصل کی ہیں۔