فاروق ستار کا گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار

فاروق ستار کا گل پلازہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات پر تحفظات کا اظہار

کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم کورٹ کی معاونت کیلئے آئے ہیں، دستاویزات جمع کرائی ہیں جو کہ واضح طور پر نشاندہی کر دیں گی کہ گل پلازہ کی عمارت کی تعمیر میں بے ضابطگیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کے خلاف مقدمہ بھی بنا تھا، غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف درج مقدمے کا کیا ہوا؟ ہم معاونت کیلئے آئے تھے، 19 فروری کو ای میل کر کے تفصیلات جمع کرا دی ہیں، ہمیں کہا گیا کہ درخواست ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کمیشن سے مطالبہ ہے کہ ایک گھنٹہ ہمارے وکیل کو اور آدھا گھنٹہ مجھے سنا جائے، 18 سال سے کرپٹ ترین حکومت ہے، ہمارے پاس ثبوت ہیں، ایم کیو ایم بطور پارٹی فریق بن سکتی ہے اور ہم نے واضح طور پر درخواست دی مگر ہمیں سنا نہیں گیا۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ سب سے پہلے ایم کیو ایم نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، پارٹی اس بارے میں تفصیلی پریس کانفرنس بھی کرے گی۔