خلاصہ
- راولپنڈی :(دنیا نیوز) خیبر پختوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے 4خوارج جہنم واصل کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انڈین پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے فتنہ الہندستان کے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشین میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد جہنم واصل
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے ہندوستانی سپانسر شدہ خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن مسلسل جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے ویژن ’عزمِ استحکام ‘ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔