سکیورٹی فورسز کا لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز کا لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ہندوستانی پراکسی، فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کے مطاق مارے جانے والے بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز علاقے میں پائے جانے والے دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے گی جب کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ’عزم استحکام ویژن‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے چلا رہے ہیں۔