خلاصہ
- گوادر: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آرکے تحت جاری ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے سلسلے میں ملک بھر میں نوجوانوں کی قومی تربیت کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے تحت گوادر کے طلباء نے گوادر نیول بیس اور میرین ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا، دورے کا مقصد شرکاء کو زمینی حقائق، میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تھا۔
اس موقع پر طلباء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے براہ راست سیشنز اور نیول بیس کے مطالعاتی دوروں کا انعقاد نہایت مثبت اقدام ہے۔
طلباء کے مطابق ایسے پروگرام کتابی علم کو عملی تجربے سے جوڑنے اور دفاعی اداروں کی صلاحیتوں کو قریب سے سمجھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، ونٹر انٹرن شپ پروگرام میں کوئٹہ کی مختلف جامعات کے بھی 150 طلبا و طالبات کو شوٹنگ رینج اور پاکستان گیلری کا دورہ بھی کروایا گیا۔
طلباء نے آئی ایس پی آر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، طلباء نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے معلوماتی اور تربیتی پروگراموں کے تسلسل کی امید کا اظہار کیا۔