شہباز شریف سے قطری وزیراعظم کا رابطہ، علاقائی امن اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال

شہباز شریف سے قطری وزیراعظم کا رابطہ، علاقائی امن اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران خطے میں امن و استحکام اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی حمایت پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل رابطے اور قریبی مشاورت ضروری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔

گفتگو کے اختتام پر دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے رابطے اور باہمی مشاورت کے سلسلے کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔