جہیز کی گاڑی فروخت کرنے کے الزام پر شوہر کی ضمانت منظور

جہیز کی گاڑی فروخت کرنے کے الزام پر شوہر کی ضمانت منظور

جسٹس طارق محمود باجوہ نے محمد عمیر ریاض کی عبوری درخواست ضمانت منظور کرنے کے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ بیوی نے شوہر کے پاس بطور امانت رکھی گئی گاڑی فروخت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرایا تھا، گاڑی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ تھی جبکہ شوہر صرف اسے استعمال کر رہا تھا۔

درخواست گزار کے مطابق بیوی نے خاندانی تنازع اور ازدواجی اختلافات کے باعث مقدمہ درج کرایا، بیوی سامان جہیز کی واپسی کا دعویٰ پہلے ہی فیملی کورٹ میں دائر کر چکی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ متنازع گاڑی پہلے ہی فیملی کورٹ میں زیر سماعت جہیز کے دعوے کا حصہ بن چکی ہے، شکایت کنندہ نے خود فیملی کورٹ میں گاڑی کو جہیز کا سامان قرار دیا تھا، بیوی نے ایف آئی آر میں زیر التوا فیملی مقدمے کا ذکر نہیں کیا۔

ریکارڈ کے مطابق گاڑی اب بھی بیوی کے نام پر رجسٹرڈ ہے، عدالت نے قرار دیا کہ مقدمہ بظاہر میاں بیوی کے خراب ازدواجی تعلقات کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم تفتیش میں شامل ہو چکا ہے اور ریکارڈ پر کسی بد نیتی یا بدنوانی کا ثبوت موجود نہیں، عدالت نے دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض محمد عمیر ریاض کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔