خلاصہ
- لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بادلوں کی انٹری کے باعث متعدد علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات نے آج سے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بارشوں کی نوید سنا دی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 28، زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ تک پہنچ گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد تک جا پہنچا، آج دوپہر کے اوقات میں لاہور میں بادل برسنے کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا، طارق روڈ، بہادر آباد، صدر، کھارادر، لیاقت آباد، عزیز آباد اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ایبٹ آباد میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، آبی گزرگاہوں پر تجاوزات کے باعث شاہراہ ریشم تالاب کا منظر پیش کرنے لگی، سرگودھا اور دریا خان میں بھی بادلوں ی گرج برس ہوئی، وزیر آباد، سانگلہ ہل، میانوالی، پسرور اور سوہدرہ میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، بارشوں کا سلسلہ 20 جون تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے۔