شبقدر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

شبقدر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں حیات خان عرف حیات اللہ، عاصم اور امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری شامل ہیں، کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد حیات خان عرف حیات اللہ مولانا عزت اللہ ٹارگٹ کلنگ کیس میں اشتہاری ملزم تھا، جبکہ دہشت گرد عاصم ضلع خیبر میں پولیس اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

حکام کے مطابق تیسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت امین اللہ عرف معاویہ عرف قاری کے نام سے ہوئی ہے، جو مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوفیں اور ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے ممکنہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔