کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی گرتی ساکھ بچانے کیلئے منفی پروپیگنڈا کرنے لگی

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی گرتی ساکھ بچانے کیلئے منفی پروپیگنڈا کرنے لگی

ترجمان آئی جی آزاد جموں و کشمیر نے راولاکوٹ میں مبینہ پولیس کارروائی، شیلنگ اور فائرنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر منظم مہم کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مبینہ حملے، شیلنگ اور فائرنگ کے بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں، حقیقت میں دریک عید گاہ میں جاری دھرنے پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض شرپسند افراد پرانی ویڈیوز کو موجودہ صورتحال سے جوڑ کر عوام میں بے چینی اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد کو متاثر کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی اپنی گرتی ہوئی ساکھ، دھرنے میں عوام کی عدم دلچسپی اور شرکا کی بڑی تعداد میں واپسی کے باعث ایسی گمراہ کن مہم چلا رہی ہے، تاہم شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

ترجمان آئی جی آزاد جموں و کشمیر نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری، تحمل اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی خبر یا ویڈیو کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں۔

انہوں نے کہا کہ صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی یقین کریں تاکہ گمراہ کن، نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مہم کا حصہ بننے سے بچا جا سکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امن، قانون کی بالادستی اور عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ہر شہری کے آئینی اور قانونی حقوق کا مکمل احترام کرتے ہوئے تمام معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔