مریم نواز سے ایم پی ایز کی ملاقات، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

مریم نواز سے ایم پی ایز کی ملاقات، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران صوبائی ترقیاتی منصوبوں، حلقے کے مسائل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، کاہنہ سانحہ میں دکھی والدین سے اظہار تعزیت اور بچوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تیسرا سرپلس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور گرین الیکٹرک بس منصوبہ تحصیل لیول پر شروع کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو اپنے اضلاع میں عید میلاد النبیﷺ کیلئے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ارکان صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔

اراکین صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عوامی فلاحی ویژن، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس قابل تعریف ہیں، محرم الحرام میں بہترین سکیورٹی امور، صفائی ستھرائی اور سرکاری سطح پر سبیلوں کے اہتمام نے عوام کے دل جیت لئے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے بچوں اور خواتین کیلئے اختراعی اقدامات اورپراجیکٹس قابل تعریف ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کا سبق ہمیشہ قائد نواز شریف سے ہی سیکھا ہے، دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن سے علاج معالجہ کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر مل رہی ہیں۔

مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پنجاب بھر میں سوا لاکھ کے لگ بھگ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔