ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم میں مچھلیوں کی ہلاکت کا معاملہ وفاق تک پہنچ گیا، تحقیقات کا حکم

ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم میں مچھلیوں کی ہلاکت کا معاملہ وفاق تک پہنچ گیا، تحقیقات کا حکم

ضلع چکوال کے ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم میں بڑی تعداد میں مچھلیوں کی ہلاکت کا معاملہ سامنے آنے پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی  کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

مصدق ملک نے ہدایت کی ہے کہ ڈیم کے پانی کے نمونے فوری طور پر حاصل کرکے ان کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے اور جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مچھلیوں کی ہلاکت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے معیار کی جانچ سے معلوم ہوگا کہ آیا مچھلیوں کی موت آلودگی، آکسیجن کی کمی، زہریلے مادوں یا کسی اور ماحولیاتی وجہ سے ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر مچھلیوں کی ہلاکت انتہائی تشویشناک ہے اور اس معاملے کی شفاف اور جامع تحقیقات ناگزیر ہیں،

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تحقیقات جلد مکمل کرکے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جائیں۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات بھی واقعے کا نوٹس لے چکی ہیں جب کہ اب وفاقی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے  کو بھی تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

مزید برآں ابتدائی طور پر مچھلیوں کی ہلاکت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی، جس کا تعین لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔