الیکشن کمیشن نے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مہم تیز کر دی

الیکشن کمیشن نے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مہم تیز کر دی

الیکشن کمیشن کے مطابق موبائل رجسٹریشن وینز کے ذریعے دور دراز علاقوں سمیت ملک کے 62 اضلاع میں خواتین کی رجسٹریشن مہم جاری ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ اہل خواتین کو ووٹر فہرستوں میں شامل کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس خصوصی مہم کے دوران تقریباً 18 لاکھ نئی خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ادارے کا ہدف ہر سال خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان موجود صنفی فرق میں ایک فیصد کمی لانا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کے بعد خواتین ووٹرز کا صنفی فرق بتدریج کم ہو کر 7.74 فیصد رہ گیا ہے، تاہم اس فرق کو مزید کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کو شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن کی سہولت ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل خواتین انتخابی عمل کا حصہ بن سکیں۔