بلاول بھٹو، سرفراز بگٹی ملاقات، بلوچستان میں قیام امن کے لیے اے پی سی بلانے پر اتفاق

بلاول بھٹو، سرفراز بگٹی ملاقات، بلوچستان میں قیام امن کے لیے اے پی سی بلانے پر اتفاق

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی مجموعی انتظامی و سیاسی صورتحال اور دہشت گردی کی حالیہ لہر پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ زیارت سانحے کے لواحقین کی دلجوئی اور ان کے مطالبات کی تکمیل کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ان کے مطالبے پر واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبے میں قیام امن کے حوالے سے جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی، جس میں پارلیمان سے باہر کی سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والے فوج، ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم کو محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے زیارت سانحے کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنے اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے کردار کو سراہا جبکہ اس عمل میں تعاون کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، خواہ وہ حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پارٹی کا مؤقف پہلے دن سے واضح ہے اور پوری قوم اس ناسور کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔