خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کو اپنے الفاظ کا چناؤ درست کرنا چاہیے اور بڑوں کی عزت کرنا سیکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ کے مینڈیٹ کی پیداوار اب ہمیں طعنے دے رہی ہے، اللہ کی شان ہے۔پیپلز پارٹی کی قیادت اور ترجمان مسلسل رائیونڈ کو مذاق بنانے اور بڑی عمر کے افراد کی تضحیک کرنے کی سیاست کر رہے ہیں جو کسی طور مناسب نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر کسی والد کی عمر کے شخص کا مذاق اڑایا جائے تو اسے تضحیک نہیں سمجھا جاتا، جبکہ جواب دیا جائے تو اعتراض کیا جاتا ہے کہ آپ لوگ ایسے زبان درازی کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔
عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ بلاول صاحب آسمان سے اترے اوتار نہیں ہیں‘، ان کا الزام تھا کہ بلاول بھٹو اپنی تقاریر میں پنجاب کے مختلف شہروں کے نام لے کر غلط بیانی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں، اور ان کا یہ رویہ غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ سیاسی اختلاف کو شائستگی کے دائرے میں رکھا جائے اور ذاتی حملوں اور تضحیک آمیز رویے سے گریز کیا جائے۔