وفاقی تعلیمی بورڈ کا نہم و دہم کے نتائج کا اعلان، لڑکیوں نے میدان مار لیا

وفاقی تعلیمی بورڈ کا نہم و دہم کے نتائج کا اعلان، لڑکیوں نے میدان مار لیا

نتائج کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 292831 بچے امتحانات میں شامل رہے، نقل کے کل 86 کیسز رپورٹ ہوئے، کل 1006 امتحانی سنٹر بنائے گئے تھے، سپروائز سٹاف 2012 جبکہ انوجیلیٹر 6996 تعینات کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یپرز کی چیکنگ کیلئے 4855 اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی، پیپرز چیکنگ کیلئے 10706 اساتذہ نے اپلائی کیا۔

سائنس گروپ سے افیرا اعجاز نے 1089 نمبرز لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، آمنہ نعمان کی 1088 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن رہی، حذیفہ حیدر نے 1086 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں آنا باعث خوشی ہے یہ وہ تقریب ہے جہاں سے کامیابیوں کا راستہ بنتا ہے، آج کی دنیا میں جس نے خود کو نہیں بدلا اسکو خدا بھی نہیں بدلتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے 40 سالوں میں دنیا اور زیادہ تبدیل ہو چکی ہوگی، علم مومن کی میراث ہے، اس میراث کو اپنی روایات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہے۔