خلاصہ
- نارووال:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو اپنی سیاست اور حکمت عملی پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو اپنی حکمت عملی اور سیاست کا سنجیدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نارووال کے حلقہ ایل اے 37 جموں 4 میں پیپلزپارٹی بمشکل 200 سے 250 ووٹ حاصل کر سکی، ایسے میں انتخابی عمل پر دھاندلی کے الزامات لگانا مناسب نہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی کا کہنا تھا کہ جو جماعت اتنی کم عوامی حمایت رکھتی ہو، اسے اپنی سیاسی حکمت عملی پر غور کرنا چاہیے نہ کہ دھاندلی کا شور مچانا چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ایک بالغ نظر سیاستدان ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کو جمہوری روایت کے مطابق مبارکباد دینی چاہیے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی تھی اور حکومت بنانے کی دعوت دی تھی، لہٰذا سیاسی جماعتوں کو جمہوری روایات کو فروغ دینا چاہیے۔